کولکاتہ ،06؍مئی (ایس او نیوز؍ آئی این ایس انڈیا ) مغربی بنگال پولیس نے بی جے پی لیڈر مکل رائے کے ایک رشتہ دار کو ریلوے میں نوکری دلانے کے نام پر ٹھگی کرنے کے الزام میں نئی دہلی سے گرفتار کیا ہے۔غور طلب ہے کہ مکل رائے ترنمول کانگریس سے ممبر پارلیمنٹ رہتے ہوئے ریلوے کے وزیر رہے تھے۔سرجن کے خلاف یہ فراڈ کا معاملہ ان کے اقتدار میں ہی درج ہوا تھا۔پولیس کے ایک افسر نے بتایا کہ مکل رائے کے رشتہ دار سرجن رائے کو شمالی 24پرگنہ پولیس کی ایک ٹیم نے کل رات نئی دہلی ہوائی اڈے سے گرفتار کیا۔ سرجن کو چھ سال پہلے درج ایک کیس کی بنیاد پر گرفتار کیا گیا ہے۔افسرنے بتایاہے کہ سرجن رائے کو نوکری دلانے کے نام پر بہت سے لوگوں سے فنڈز لینے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔سرجن کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعات 420 (دھوکہ دہی)، 406 (مجرمانہ غداری)، 468 (دھوکہ دینے کے ارادے سے ٹھگی)، 471 (فرضی دستاویز اصل بتانا)سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ملزم کو آج مقامی عدالت میں پیش کیا گیا۔اس نے سرجن کو 12دن کی پولیس حراست میں بھیج دیا ہے۔اس معاملے کو ترنمول کانگریس اور مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کی سیاسی سازش قرار دیتے ہوئے مکل رائے نے کہا کہ اس معاملے میں اصلی نشانہ وہی ہیں۔